نئی دہلی:31/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)لوک سبھا میں آج کانگریس اور ترنمول کانگریس نے آسام میں این آر سی میں40 لاکھ لوگوں کا نام نہ شامل ہونے کے مسئلے کو اٹھایا۔کانگریس کے گورگوگوئی نے الزام لگایا کہ اس قواعد کے باوجود کتنے درانداز ہیں ان کا اعداد و شمار حکومت کے پاس نہیں ہے ۔وقفہ صفر میں گورو گگوئی نے اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ کل وزیر داخلہ نے ایوان میں بیان دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جن 40 لاکھ لوگوں کے نام نہیں ہے، ان کے پاس اب بھی موقع ہے۔اس سے صاف ہے کہ حکومت کے پاس اب بھی یہ اعداد و شمار نہیں ہے کہ مبینہ درانداوزں کی تعداد کتنی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ این آرسی معاملے میں حکومت کا رخ کمزور، لچر اور غیر موثر ہے۔آسام میں این آر سی کے ضمن میں جو غلطی ہوئی ہے، اسے دیکھتے ہوئے ہمارا مطالبہ ہے کہ 40 لاکھ لوگوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی حکومت پر لازم ہے ۔اس سے قبل وقفہ صفر شروع ہونے پر ترنمول کانگریس کے رکن آسام این آر سی کے معاملے پر ایوان میں اپنی بات رکھنا چاہتے تھے۔ترنمول ممبر رائے نے کہا کہ کل یہ مسئلہ پیش آیا ہے لیکن یہ مسئلہ سنگین ہے۔40 لاکھ لوگوں کا نام این آر سی کی فہرست میں نہیں ہے۔اس پر لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ این آ رسی کا موضوع کل مکمل ہو گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے جواب دے دیا تھا۔اب ہر روز ایک ہی موضوع کو نہیں لیا جائے گا۔اس دوران کانگریس کے گورو گوگوئی اور رنجن چودھری اس معاملے پر اپنی بات رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے درمیان میں آ گئے۔اسپیکر نے کہا کہ کل اس موضوع پر بحث پوری ہوچکی ہے اور ایوان میں وہ (گوگوئی) موجود نہیں تھے اس صورت میں وہ اپنی نشست پر واپس جائیں ۔